39

کھانے میں نمک کی شکایت کرنے پر بیوی نے شوہر کو چاقو سے مار ڈالا

میاں بیوی کے درمیان کھانے کے ذائقے پر چھوٹی موٹی تکرار تو ہوتی ہی رہتی ہے مگر روس میں ایک بیوی نے شوہر کی ’شکایت‘ کو زیادہ دل پر لیتے ہوئے اپنا چاقو نکالا اور 35 وار کرکے اپنے شوہر کو مار ہی ڈالا۔

معمولی بات پر قتل کی یہ لرزہ خیز واردات روس کے علاقہ پینزا میں پیش آئی۔ تفتیشی حکام نے آلہ قتل برآمد کرکے ملزمہ کو گھر میں ہی نظر بند کردیا ہے جہاں وہ اپنے 5 سالہ بیٹی کی دیکھ بھال کرے گی۔

ملزمہ ’اوگینیا‘ کی عمر 31 سال جبکہ اس کے متقول شوہر ’سلاوا ڈیوڈکن‘ 41 برس کے تھے اور ان کی پانچ سال کی اکلوتی بیٹی ہے۔

ملزمہ نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے تفتشی حکام کو بتایا کہ واردات کے دن ان کے گھر دو مہمان بھی آئے تھے جن میں ایک مرد اور ایک عورت تھی۔ رات کو سب نے ملکر کھانا کھایا اور مہمان دوسرے کمرے میں سونے چلے گئے جبکہ ہم دونوں اپنے بیڈروم میں گئے۔تفتشی حکام کے مطابق ملزمہ نے بیان دیا کہ شوہر نے بیڈروم میں آکر شکایت کی کہ کھانے میں نمک کم تھا اور الزام عائد کیا کہ تم مجھ سے محبت نہیں کرتی۔ اگر تمہیں مجھ سے محبت ہوتی تو نمک پورا ڈال دیتی۔ ملزمہ کے مطابق شوہر نے اس پر تشدد بھی کیا جس کے باعث طیش میں آکر اس پر چاقو کے وار کیے۔

دوسری جانب تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے انتظار کیا، جب وہ سو گئے تو اس نے چاقو کے وار کیے۔ اپنے شوہر پر چاقو کے 35 وار کرنے کے بعد ملزمہ نے دوسرے کمرے میں سوئے مہمان کو جگاکر ان سے کہا کہ ایمبولینس بلالیں۔ جب ایمبولینس ان کے گھر پہنچی اور میڈیکل اسٹاف نے زخمی کا چیک اپ کیا تو وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے۔
پولیس نے ملزمہ کو پولیس اسٹیشن کے بجائے گھر میں ہی نظر بندکرکے آلہ قتل برآمد کرلیا ہے جبکہ علاقہ مکینوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے کہ اپنے شوہر کو بے دردی سے قتل کرنے والی ملزمہ 5 سالہ بچی کا کیسے خیال رکھ سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں